پاکستان اور قزاخستان کا دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاست قزاخستان نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے ٹرانسپورٹ، علاقائی رابطوں کو فروغ دینے، توانائی اور تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن (آئی جے سی) کے دو روزہ اجلاس میں کیا گیا۔ پاکستان۔قزاخستان بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس 27 اور 28 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ قزاخستان کے وفد کی قیادت قزاخستان کے اول نائب وزیر خارجہ شہرت نوری نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کی۔ دو روزہ اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تجارت، صنعت، سرمایہ کاری، مواصلات، توانائی، سیاحت، زراعت، صحت عامہ اور ادویہ سازی کے شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔ فریقین نے تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں مفاہمت کی دستاویز کو حتمی شکل دینے سے اتفاق کیا۔ دو روزہ اجلاس میں ٹرانسپورٹ و علاقائی رابطوں کے فروغ، توانائی اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ قزاخستان کے اول نائب وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں قیام کے دوران پاک۔قزاخ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینئر شازیہ مری سے بھی ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے وفاقی وزیر مواصلات سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ دو روزہ اجلاس میں مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کے قزاخستان میں انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں