’غیر ملکی سیاح ماسک پہنیں

تھائی لینڈ کے وزیر صحت نے غیر ملکی سیاحوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک نہ پہننے پر ملک سے نکالا بھی جا سکتا ہے۔
جمعے کو بنکاک میں ماسک تقسیم کرتے ہوئے وزیر صحت انوتن چرنویراکول نے کہا کہ غیر ملکیوں کو دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
تھائی لینڈ کی مجموعی ملکی پیداوار کا 18 فیصد حصہ سیاحت سے آتا ہے اور ان سیاحوں میں لگ بھگ ایک چوتھائی تعداد چینی باشندوں کی ہوتی ہے۔
غیر ملکی میڈٰیا کے مطابق تھائی لینڈ میں اب تک کورونا وائرس کے 25 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے نو مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔
وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی سیاح ماسک نہیں پہنتے اور ایسا برتاؤ کرتے ہیں جیسے ان کو کوئی پرواہ نہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ برس ایک کروڑ چینی سیاح تھائی لینڈ پہنچے تھے لیکن سیاحتی شعبے کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ اس بار گذشتہ سال کے مقابلے میں لگ بھگ 20 لاکھ کم سیاح تھائی لینڈ آئیں گے۔
کورونا وائرس دو درجن سے زیادہ ملکوں میں پھیلا ہوا ہے جس سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
طبی ماہرین اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ نظام تنفس کی خرابی کے مریضوں کے لیے ماسک کا استعمال مفید ہے۔
تاہم تھائی لینڈ میں عالمی ادارہ صحت کے دفتر نے چار فروری کو اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ جن کو نزلہ و زکام اور کھانسی والی یا سانس کی خرابی کے حوالے سے علامات نہیں ہیں ان کو ماسک پہنے کی ضرورت نہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ ہاتھ باقاعدہ دھوتے رہیے اور اپنے چہرے کو چھونے سے پرہیز کریں۔
واضح رہے کہ چین میں نوول کرونا وائرس کے باعث مزید 86افراد ہلاک اور3399نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 722جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد34ہزار546ہوگئی جن میں سے 6101افراد کی حالت تشویشناک ہے،بیجنگ میں بھی وائرس سے متاثرہ ایک شہری دم توڑ گیا۔ہفتہ کو چینی صحت حکام نے بتایا کہ صوبائی سطح کے 31 علاقوں اور سنکیانگ پروڈکشن اور کنسٹرکشن کارپس میں جمعہ کو نوول کورونا وائرس کے مزید3399 مصدقہ کسیز کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ 86 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔چین کے قومی کمیشن برائے صحت نے ہفتہ کے روز بتایا کہ صوبہ ہوبے میں 81،ہیلونگ جیانگ میں 2 جبکہ بیجنگ، ہینان اور گانسو میں ایک ایک مریض ہلاک ہوا ہے ۔کمیشن نے کہاکہ جمعہ کے روز مزید 4214مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔جمعہ کے روز 1280 مریض شدید بیمار ہوگئے جبکہ 510 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔کمیشن نے کہاکہ چین کی سرزمین پرمجموعی تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 34546تک پہنچ گئی ہے جبکہ کل 722 افراد مرض کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔کمیشن نے بتایا کہ 6101 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 27657 افراد میں وائرس کی وجہ سے انفیکشن کا شبہ ہے۔کل 2050افراد کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کردیاگیاہے۔کمیشن نے کہاکہ 345498افراد کو بیماری کے قریب پایا گیا جن میں سے 26702 کوجمعہ کے روز طبی نگرانی سے فارغ کر دیا گیا جبکہ دیگر189660 کوابھی تک طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔جمعہ کے آخر تک مخصوص انتظامی علاقہ ہانگ کانگ میں 26 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس میں ایک ہلاکت بھی شامل ہے، مخصوص انتظامی علاقہ مکا ئومیں 10 جبکہ تائیوان میں 16کی تصدیق ہوئی




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں