ہنہ جھیل کی ترقی کے ماسٹر پلان کی تیاری

وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہنہ جھیل کی ترقی کے ماسٹر پلان کی تیاری کی ہدایت
کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ہنہ جھیل کی ترقی کے ماسٹر پلان کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کے قریب سیاحتی مقام پر رہائشی اور تفریحی سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ نہ صرف مقامی بلکہ ملک کے دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی توجہ بھی حاصل کی جاسکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کابینہ اراکین کے ہمراہ ہنہ جھیل کے دورے کے موقع پر کیا، وزیراعلیٰ نے سیکریٹری مواصلات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو علاقے کی مقامی آبادی کی مشاورت اور شراکت داری کے منصوبوں کے ذریعہ علاقے کی ترقی کی جامع منصوبہ بندی بنانے کی ہدایت کی، انہوںنے ہنہ جھیل میں صفائی کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہنہ جھیل ملکی سطح کا مقبول سیاحتی مقام ہونے کے باوجود صفائی اور دیگر مسائل کا شکار ہے جس کی فوری بہتری کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ باران رحمت اور برفباری سے جھیل میں پانی کی سطح میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور موسم گرما میں اندرو ن ملک سے سیاحوں کی بڑی تعداد کی یہاں آمد متوقع ہے، لہٰذا متعلقہ ادارے جھیل کی بہتری کے اقدامات کے لئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مقامی لوگوں کے ساتھ نہایت خوشگوار ماحول میں بات چیت کی اور ان کے ساتھ چائے بھی پی۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں