پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44رنز سے شکست دیدی

راولپنڈی ٹیسٹ،پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44رنز سے شکست دیدی
قومی ٹیم کو2میچوں کی سیریز میں1-0کی برتری حاصل ،بنگلہ دیشی ٹیم تیسرے دن سکور میں صرف42رنز کا اضافہ کر سکسکی اور168رنز پر پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں نسیم شاہ اور یاسر شاہ کی 4، 4،شاہین آفریدی اور محمد عباس کی ایک، ایک وکٹ
ہیٹرک کرنے پرنوجوان فاسٹ بالر نسیم شاہ مین آف دی میچ قرار،دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ پاکستان سپر لیگ کے بعد5اپریل سے کراچی میں کھیلا جائیگا
راولپنڈی :پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو ایک اننگز اور 44رنز سے شکست دیکر2میچوں کی سیریز میں1-0کی برتری حاصل کر لی۔بنگلہ دیشی ٹیم تیسرے دن سکور میں صرف42رنز کا اضافہ کر سکی اوردوسری اننگز میں168رنز پر پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے 4، 4،شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہیٹرک کرنے پرنوجوان فاسٹ بالر نسیم شاہ کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ پاکستان سپر لیگ کے بعد5اپریل سے کراچی میں کھیلا جائیگا۔پیر کوراولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے دی گئی برتری کو بھی ختم نہ کرسکی اور 168رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔چوتھے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو بنگلہ دیش کی ٹیم نے 126رنز 6وکٹوں کے نقصان پر دوسری اننگز شروع کی تاہم 4رنز کے اضافے کے بعد ہی 130رنز پر اس کی ساتویں وکٹ گر گئی۔جس کے بعد آنے والے کھلاڑی بھی اپنی ٹیم کے اسکور میں زیادہ اضافہ نہ کرسکے اور 156 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔8وکٹیں گنوانے کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کے آخری دو کھلاڑی اپنی ٹیم کے اسکور میں صرف 12رنز کا اضافہ کرسکے اور پوری مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 168رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔بنگلا دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں مومن الحق 41رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ نجم الحسن شنٹو نے 38اور تمیم اقبال نے 34رنز کی اننگز کھیلیں۔پاکستانی ٹیم نے اننگز اور 44رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔دوسری اننگز میں نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے 4، 4وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 5وکٹیں حاصل کرنے پر نوجوان فاسٹ بالر نسیم شاہ کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ کراچی میں پاکستان سپر لیگ )پی ایس ایل(کے بعد اپریل میں کھیل جائے گا۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 233رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 445رنز بنا کر 212رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم تقریبا 17برس بعد ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پاکستان آئی، اس سے قبل 2003میں مہمان ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان آئی تھی اور اس سیریز میں بنگلہ دیش کو3-0سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں