وسیم اکرم بھی بش فائر امدادی میچ میں کھیلیں گے

میلبورن:بش فائر امدادی میچ اتوار کو سڈنی کی بجائے میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ پہلے یہ میچ ہفتہ کو سڈنی میں کھیلا جانا تھا لیکن شیڈول بش فائر کرکٹ بیش کو بارش کے خطرے کے پیش نظر سڈنی سے میلبورن منتقل کر دیا گیا جس کی وجہ سے کئی آسٹریلوی کھلاڑی میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے اعلامیے کے مطابق آتشزدگی کے متاثرین کی امداد کیلئے بش فائر میچ اتوار کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پہلے بگ بیش لیگ کے فائنل سے قبل سڈنی کرکٹ گرائونڈ پر کھیلا جانا تھا تاہم ہفتہ کو تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اس لئے اب یہ میچ ری شیڈول ہوکر اتوار کو سڈنی سے میلبورن منتقل کر دیا گیا ہے جس میں کئی آسٹریلوی کھلاڑی شرکت نہیں کر سکیں گے جن میں شین وارن ، مائیک ہسی اور مائیکل کلارک شامل ہیں۔ شین وارن کی جگہ اب ایک ٹیم کی قیادت ایڈم گلکرسٹ نبھائیں گے۔ میلبورن میں کھیلے جانے والے ریلیف میچ میں بھارتی کے نامور کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور ویسٹ انڈیز کے کورٹنی واش کوچنگ کریں گے جبکہ اس میچ میں پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم، جسٹن لینگر، ایڈم گلکرسٹ، بریٹ لی اور الیکس بلیک ویل سمیت کئی نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیون رابرٹس نے بتایا کہ میچ سے حاصل ہونے والی آمدنی آسٹریلوی ریڈ کراس ڈیزاسٹر ریلیف اینڈ ریکوری فنڈ کیلئے وقف ہوگی تاکہ ان افراد کی مدد کی جاسکے جو آتشزدگی کی لپیٹ میں آئے تھے۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں