پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعہ کو کھیلا جائیگا

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ،دونوں ٹیمیں جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی ،دونوں کپتان پریکٹس کے بعدٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کرینگے
پاکستان بنگلہ دیشکیخلاف اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست ،دونوں ٹیموں کے درمیان 10ٹیسٹ میچز کھیلے گئے، پاکستان نے 9میچز میں کامیابی حاصل ، ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا
راولپنڈی:پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کیسیریز کا پہلا جمعہ سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔دونوں ٹیمیں جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی ۔دونوں ٹیموں کے کپتان پریکٹس کے بعدٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کرینگے،پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست ہے،دونوں ٹیموں کے درمیان 10ٹیسٹ میچز کھیلے گئے، پاکستان نے 9میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلاٹیسٹ (کل)جمعہ سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا ۔دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے بنگلا دیشی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔بنگلا دیشی دستہ اسلام آباد کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچا جہاں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان کھلاڑیوں اور اسٹاف کو خوش آمدید کہا جہاں سے بنگلا دیشی ٹیم کوہوٹل پہنچا دیا گیا ہے۔پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور اسٹاف کے لیے اسلام آباد کے ہوٹل میں 54 کمرے بک کر لیے گئے ہیں۔جمعرات کو صبح 10 بجے پنڈی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے پریکٹس سیشن کا آغاز ہوگا ،دوپہر 12 بجے دونوں ٹیموں کے کپتان پری سیریز میڈیا کانفرنس میں شرکت کریں گے،پری سیریز میڈیا کانفرنس کے بعد دونوں کپتان سیریز کی ٹرافی کے فوٹو شوٹ میں شریک ہوں گے۔سات فروری کو صبح ساڑھے نو بجے ٹاس ہوگا اور صبح 10بجے میچ کا آغاز ہوگا ۔جمعہ کے روز پہلا سیشن صبح 10سے ساڑھے بارہ بجے تک جاری رہے گا جس کے بعد ایک گھنٹے کی لنچ بریک ہوگی۔دوسری جانب پاکستان کی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست ہے، 2001 سے 2015 تک دونوں ٹیموں کے درمیان 10 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے، پاکستان نے 9 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا، اس طرح پاکستانی ٹیم کی جیت کا تناسب 90 فیصد ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 2001 میں ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پاکستانی ٹیم نے اننگز اور 264رنز سے کامیابی حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2015 میں بنگلہ دیش میں کھیلی گئی، دو میچوں کی سیریز پاکستان نے 1-0سے اپنے نام کی، بنگلہ دیش نے تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈرا کھیلا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 328رنز سے کامیابی حاصل کی۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں