گورنر سندھ کا خواتین کے دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب

آل پاکستان ویمنز ایسوی ایشن کے لیے گورنر ہاﺅس میں فنڈ ریزر تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ گورنر سندھ
آل پاکستان ویمنز ایسوی ایشن میں خواتین کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے تحت خصوصی رجسٹریشن سینٹر بنائیں گے، گورنر سندھ
کراچی:گورنر سندھ عمران اسماعیل نے آل پاکستان ویمنز ایسوی ایشن کی جانب سے خواتین کے دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آل پاکستان ویمنز ایسوی ایشن (APWA) ستر سال سے خواتین کے لیے قابل تحسین خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم رعنا لیاقت نے اپوا کی بنیاد رکھی اور ان کا وژن اپوا کی لیے مشعل راہ ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ خواتین کو حصول روزگار میں بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ موجودہ حکومت خواتین کو ہر شعبہ میں بھرپور مواقع فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے کامیاب جوان پروگرام شروع کیا گیا ہے جس سے خواتین بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنا مستقبل روشن کرسکتی ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اپوا میں خواتین کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے تحت خصوصی رجسٹریشن سینٹر بنائیں گے، اس کے علاوہ اپوا کے لیے گورنر ہاﺅس میں فنڈ ریزر تقریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ خواتین کو مائکروفنانس ، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے اپوا اور مخیر حضرات کے تعاون سے خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کیں۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں