پنجاب میں 5نئے سپیشل اکنامک زون بنانے کی منظوری

لاہور:وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب میں 5نئے سپیشل اکنامک زون بنانے کی منظوری دے دی ہے یہ زون وہاڑی، رحیم یار خان ،بھلوال ، بہاولپور اور فیصل آباد میں بنائے جا رہے ہیں۔ یہ امر قابل زکر ہے کہ ان میں سے چار زونوں کی تعمیر پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (پڈمک) کریگی۔ واضح رہے کہ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (پڈمک)ان میں سے وہاڑی، رحیم یارخان اور بھلوال میں انڈسٹریل اسٹیٹس جن کو سپیشل اکنامک زونز کا درجہ دیا گیا ہے کی تعمیر مکمل کر چکی ہے اور انڈسٹریلائزیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ بہاولپور میں ا سپیشل اکنامک زون کیلئے زمین خرید لی گئی ہے اور اس کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔اس ضمن میں پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (پڈمک) کے چیئرمین سید نبیل ہاشمی نے وزیر اعظم پاکستان کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان زونوں میں تمام صنعتکاروں کو فیکٹریوں کیلئے درآمد ہونے والی مشینری کو ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں سے استثنی حاصل ہوگا اور ان صنعتی یونٹوںکے پیداوار میں آنے کے بعددس سال کیلئے ٹیکس ہالیڈے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ نبیل ہاشمی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صنعت و تجارت میاں محمد اسلم اقبال نے ان انڈسٹریل زونز کی منظوری کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے جس کے نتیجہ میں وزیراعظم پاکستان کے دو کروڑ لوگوں کو نوکریاں دینے کے ویژن پر عمل درآمد میں مدد ملے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پنجاب میں ان انڈسٹریل زونز کی تکمیل کے نتیجہ میں کم از کم دو لاکھ افرا د کو براہ راست اور دس لاکھ افراد کو بلواسطہ روزگار کے مواقع حاصل ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ چار میں سے تین انڈسٹریل زونز جنوبی پنجاب میں واقع ہیں ان کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور محرومیوں کے خاتمہ میں مدد ملے گی علاوہ ازیں اربوں روپے کی سرمایہ کاری آنے سے خطہ میں خوشحالی آئیگی۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں