ہمارے نوجوان خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں،صوبائی وزیر خوراک

بہاول پور ( ) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ علم پر مبنی معشیت کے اس دور میں علوم وفنون سیکھنے اور روزگار کے طریقے بدل گئے ہیں ہمارے نوجوان خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ جدید خطوط پر ان کی تربیت کرکے انہیں بہترین افرادی قوت میں بدلا جائے ۔ حکومت اس چیلنج سے بخوبی آگاہ ہے اور ای روزگار جیسی مفید سکیم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے ذریعے اب تک سینکڑوں نوجوانوں کو با عزت روزگار ملا ہے ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم سے لیس یہ نوجوان ملکی اور غیر ملکی جاب مارکیٹ میںبے پناہ پذیرائی حاصل کررہے ہیں ۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورمیںای روز گار سکیم کے تحت منعقد ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں جدید ترین ای روز گار مراکز کا افتتاح کیا گیا ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لیے مختلف پروگراموں کا آغاز کیا ہے ۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت صوبے بھر میں 40ای روزگار مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 30فعال کردئیے گئے ہیں۔ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ ان مراکز میں 52فیصد تعداد طالبات کی ہے ۔یہ مراکز 36اضلاع میں نوجوانوں کو فنی تربیت اور روزگار کا بہترین موقع فراہم کریںگے ۔وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ جامعہ میں انتہائی مختصر عرصے میں ای روزگار لیبارٹری قائم کی گئی ہے جس کے ساتھ ایک بزنس انکیوبیشن سنٹر بھی قائم کیاگیا ہے تاکہ سٹاراپ آئیڈیاز کی حوصلہ افزائی ہو۔حکومت پنجاب نے جامعہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی خصوصی دلچسپی اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے عباسیہ کیمپس ، بہاول نگر کیمپس اور رحیم یار خان کیمپس میں بھی ای روزگار لیبارٹری قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ای مرکز کی گنجائش 100طلبہ وطالبات ہوگی ۔ یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات بھی ان لیبارٹریوں سے مستفید ہوسکیں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ساجد لطیف نے اپنے خطاب میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے جانب سے ای روز گار مرکز کے قیام میں خصوصی تعاون پر شکریہ اداکیا۔ انہو ں نے کہا کہ بہاول پور کے نوجوانوں کے لیے بہترین موقع ہے کہ تین مختلف شعبوں میں مہیا تین ماہ کی ٹریننگ سے مستفید ہوسکتے ہیں اس سے قبل وائس چانسلر اور صوبائی وزیر ای روزگار مرکز اسلامیہ یوینورسٹی بہاول پور پہنچے تو ڈائریکٹر آئی ٹی و فوکل پرسن رضوان مجید اور احمد اسلام سینئر پروگرام منیجر نے ان کااستقبال کیا اور ای روزگار مرکز سے متعلق بریفنگ دی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے زیر تربیت طلبہ وطالبات سے تبادلہ خیال بھی کیا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں