پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی فتح کا دن شاندار انداز میں منایا

اسلام آباد: پاک فضائیہ نے 27 فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی فیصلہ کن برتری کے دن کے طور پر منایا۔ اس تاریخ ساز دن کے موقع پر ائیر ہیڈ کوارٹرز میں ایک شاندار تقریب کے ساتھ ساتھ سی ویو کراچی میں ایئر شو اور اسلام آباد میں ایوی ایشن آرٹ کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔سی ویو ائیر شو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن،ایئر آفیسرکمانڈنگ، سدرن ائیرکمانڈ بھی اس موقع پرموجود تھے۔پاک فضائیہ کےایف 16، جے ایف 17، میراج، ایم آئی 17 اور آگسٹا 139 ہیلی کاپٹرکے فلائی پاسٹ کے بعد فخر پاکستان جے ایف 17 تھنڈر جسکو ونگ کمانڈر مدثر ریاض اڑا رہے تھے افق پر نمودار ہوا۔ حاضرین اس طیارے کے حیرت انگیز کرتب دیکھ کر دم بخود رہ گئے۔ اس کے بعد ایف16 طیارے نے سولو مظاہرہ پیش کیا جس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ذیشان علی نے شاندار کرتبوں سے حاضرین کو حیران کر دیا۔ اس دلچسپ مظاہرے کے بعد نوK-8 طیاروں کی فارمیشن پرمشتمل پاک فضائیہ کی مشہورزمانہ ایروبیٹکس ٹیم شیردل رنگ برنگےدھوئیں چھوڑتی افق پرنمودار ہوئی۔شائقین ان نڈر ہوابازوں کے مختلف کرتبوں سے بہت لطف اندوز ہوئے۔

اس تاریخ ساز دن کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لئے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس، اسلام آباد میں ایوی ایشن آرٹ کی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر اور وفاقی وزیر اسد عمر نے خصوصی طور پر اس تقریب میں شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایئر وائس مارشل عامر مسعود، ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (ٹریننگ) نے اپنے افتتاحی کلمات میں اس تقریب کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اس نمائش میں ملک بھر سے ایوی ایشن آرٹ کے دلدادہ آرٹسٹوں نے پینٹنگ، اسکیچنگ،ڈیجیٹل پینٹنگ اور فوٹو گرافی سمیت مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ ایوی ایشن فوٹو گرافی اور ایوی ایشن اسکیچنگ میں پہلا انعام اویس احمد لالی نے حاصل کیا۔ایوی ایشن پینٹنگ میں پہلے انعام کی حقدارعنبر منیر رہیں جبکہ حامد علی نے ڈیجیٹل ایوی ایشن پینٹنگ کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ان ابھرتے فنکاروں کی تخلیقات کے علاوہ پاکستان کے مشہور ایوی ایشن آرٹسٹ گروپ کیپٹن (ر) مسعود اختر حسینی کے شاہکار، ونگ کمانڈر (ر) محمد ندیم کے ایرو ماڈلز اور مشہور ایوی ایشن آرٹسٹ و کارٹونسٹ شجاعت علی کے خاکے بھی اس تین روزہ نمائش میں رکھے گئے ہیں۔

دوسری جانب پاک فضائیہ نے پچھلے سال اپنی شاندار روایات کے مطابق آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اوربہادری سے ایک نئی تاریخ رقم کی۔بیشک پاک فضائیہ کے فوری اور بھرپور جوابی وارنے دشمن کے تکبر کو خاک میں ملا دیا۔ یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں شاندارکامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ایئر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطا ب کے دوران کہی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہما ن خصوصی تھے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے مزید کہا کہ میں پاکستانی قوم کو یقین دلاتا ہوں پاک فضائیہ ہر طرح کے خطرات کا سامنا کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ہم پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک فضائیہ قومی دفاع کو مقدم سمجھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال ہماری قومی قیادت نے یہ واضح کر دیا تھا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہ تھا تاہم موئثر اور ذمہ دارانہ ردِ عمل ہماری ترجیح تھی۔کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاک فضائیہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ فعل کے جواب میں ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کرے گی۔

پاک فضائیہ کے سابق سربراہان اور عہدیداران کی ایک کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ قبل ازیں پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ پاک فضائیہ کے ایف 16، جے ایف 17 اور میراج طیاروں کی فارمیشنز کے شاندار فلائی پاسٹ نے اس تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ فضائیہ اسکول اینڈ کالج کے طلباء و طالبات نے اس تقریب میں جوش و جذبے کے ساتھ ترانے اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں