غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی،وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، عوام بالخصوص غریب اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت ہر حد تک جائے گی، منگل کو کابینہ اجلاس میں بڑے فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔ پیر کو وزیراعظم کے میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے عوام بالخصوص غریب اور تنخواہ دار طبقے کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، چیئرمین یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ذوالفقار علی خان، وزارتِ خزانہ، صنعت و پیداوار اور سماجی تحفظ ڈویژن کے وفاقی سیکرٹریز، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں غریب اور تنخواہ دار طبقے کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ سستے نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا۔ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے وزیرِ اعظم کی جانب سے لیے گئے بڑے فیصلوں کا اعلان کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ ہماری اولین ترجیح عوام بالخصوص غریب اور تنخواہ دار طبقہ ہے جس کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت ہر حد تک جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں