کشمیریوں کی حق خودارادیت کامیاب ہوگی، آرمی چیف

راولپنڈی:کورکمانڈرز کانفرنس نے بھارتی قیادت کی طرف سے اشتعال انگیز بیانات کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ خطے کے امن کیلئے نقصان دہ ہیں، پاکستان کی مسلح افواج نظم و ضبط اور امن کی افواج ہیں اور وہ کسی بھی مہم جوئی کو کسی بھی قیمت پر ناکام بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں جبکہ آرمی چیف نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کشمیریوں کا حق خودارادیت دبا نہیں سکتیں ، کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد اپنی کامیابی حاصل کرے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعرات کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں 229ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں جیو سٹریٹجک کے ماحول خصوصاً ملک کی اندرونی اورسرحدی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔کورکمانڈر کانفرنس نے کہا کہ بھارتی قیادت کی طرف سے اشتعال انگیز بیانات ، غیر ذمہ دارانہ بیانیہ ہے جو خطے کے امن کیلئے نقصان دہ ہے۔کانفرنس میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نظم و ضبط اور امن کی افواج ہیں اور وہ کسی بھی مہم جوئی کو کسی بھی قیمت پر ناکام بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی ظلم و ستم اور مسلسل محاصرے کا بہادری سے سامنا کرنے پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کشمیریوں کا حق خودارادیت دبا نہیں سکتیں جیسا کہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں ان کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد اپنی منزل کے حصول میں کامیابی حاصل کرے گی جبکہ کانفرنس میں آپریشن ردالفساد میں پیشرفت کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ آپریشن ردالفساد کی وجہ سے ملک کی سلامتی کی صورتحال مثبت راہ پر آئی اور اس سے ملک میں امن واستحکام آیا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں