کشمیری عوام کوآزادی ملنے تک ان کے حق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے ، فرخ خان

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے،عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے ، رکن قومی اسمبلی
اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ق) شعبہ خواتین کی مرکزی صدر ورکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری بھائی بہنوں بچے بچیوں پر ظلم وستم کی داستان حقیقت تو کئی دہائیوں سے جاری تھی اور ہے لیکن5اگست2019کو کشمیر کی حیثیت بدلنے کے غیر قانونی ،غیر انسانی اقدام نے ظالموں نے پچھلے 6ماہ سے وحشی درندوں کی طرح کشمیریوں پر جبر اور اذیت ناک واقعات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ بھارت نے پانچ اگست کے بعد نو لاکھ فوج کی مدد سے کشمیر پر دوبارہ قبضہ کیا، اس کو دو حصوں میں تقسیم کیا اور اسے اپنی کالونی میں بدل دیا۔ یہ سب کچھ کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اور ان سے پوچھے بغیر کیا گیا جو نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ تمام بین الاقوامی معاہدوں اور ضابطوں کی بھی خلاف ورزی ہے جسے کشمیریوں نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو گرفتا ر کر کے نظر بندی کیمپوں میں بند کیا جا رہا ہے جبکہ خواتین کی بے حرمتی کی جا رہی ہے اور ان کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔مسز فرخ خان نے کہا کہ تمام سیاسی اور سماجی قیادت کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے ، تعلیمی ادارے بند ہیں ، صحت کے مراکز بند ہیں، لوگ اپنے پیاروں کو گھروں میں دفن کر رہے ہیں اور تو اور ہندوستان میں زی شعور ہندو اور دوسرے مذاہب کے لوگ بھی مودی کے فیصلوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور اب تو انتہا ہوچکی ہے ،مودی اوراس کے ہواریوں نے مسلمانوں کیلئے زمین تنگ کردی ہے ۔ وقت نے ثابت کردیا قائداعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظریے کی جو بنیاد پاکستان قائم کرنے کی رکھی تھی وہ اٹل حقیقت تھی ،ہمیں پرودگار کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ آج پاکستان ایٹمی طاقت ہے،،ہمیں اپنی افواج کے شہیدوں ،غازیوں اور سپاہیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ وہ سرحدوں کی حفاظت اور پاکستان کی بقا کیلئے ہمیشہ سپر رہے ہیں ورنہ آج ہندوستان ہمیں سالم نگل چکا ہوتا۔رکن قومی اسمبلی مسز فر خ خان نے مزید کہا کہ 5فروری کو پاکستان اور آزادکشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید ہے کہ کشمیر ی عوام اپنی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک اہل پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے،عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے ۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں