نیویارک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 100 سے بڑھ گئی

امریکہ، نیویارک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 100 سے بڑھ گئی
نیویارک:نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے کہا ہے کہ ریاست نیویارک میں کروناوائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 105 تک پہنچ گئی ہے۔گورنر نے کہاہے کہ ایک ہی رات میں 16 مریض سامنے آئے ہیں، انہوں نے ہفتہ کو مہلک وائرس کیخلاف ریاست میں ایمرجنسی نافذ کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے رات کو مزید ٹیسٹ لئے ہیں۔گورنر کے پریس آفس کے مطابق کومو نے امریکہ کی وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ نیویارک ریاست کی ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کیلئے نجی لیبارٹریز، خودکار اور مینوئل ٹیسٹ کرنے کی منظوری میں تیزی لائے۔پریس آفس کے مطابق انہوں نے نیویارک کے رہائشیوں پر بھی زور دیا کہ وہ گھر میں رہ کر کام کریں اور زیادہ پرہجوم جگہوں پر جانے سے پرہیز کریں تاکہ وائرس کا پھیلا روکتے ہوئے اس پر قابو پایا جاسکے۔ریاست کے محکمہ صحت کے مطابق نیویارک شہر سے باہر 93مصدقہ مریض ہیں۔کومو نے کہا کہ ریاست فوری طور پر متحرک ہوگئی تھی لیکن وفاقی حکومت سست تھی اور اب تک سست ہے۔گورنر نے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے، ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت ان نجی لیبارٹریز کی آج ہی منظوری دے تاکہ ہم موجودہ صورتحال پر قابو پاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس و قت وائرس سے زیادہ وبا کا خوف زیادہ بدتر ہے اور یہ اضافی آن لائن سہولیات یقینی بنائیں گی کہ ہمارے پاس مزید حقائق ہیں جس سے لوگوں کو پرسکون رہنے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب 7 مزید ممالک میں مقامی طور پر کرونا وائرس پھیلنے کے بعد دنیا بھر کے ملکوں اور خطوں کی مجموعی تعداد چین سمیت 53 ہوگئی ہے جہاں مقامی طور پر کرونا وائرس پھیل چکا ہے ، یہ بات عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی جانب سے کرونا وائرس کے بارے میں روزانہ کی صورتحال بارے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہی گئی ہے ۔ان سات ملکوں میں کمبوڈیا ، آسٹریا ،ھنگری ، مصر، پیرو ، بلغاریہ اور مالدیپ شامل ہیں ۔دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کل مصدقہ مریضوں کی تعداداب ایک لاکھ 5 ہزار586 ہو چکی ہے جوکہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 ہزار 656 زیادہ ہے جن میں چین سے باہر کے 3 ہزار 610 کیسز بھی شامل ہیں ۔چین سے باہر 24 ہزار 727 مصدقہ کیسز میں سے 484 لوگ کرونا وائرس کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں ۔ گزشتہ روز کے مقابلے میں یہ تعداد 71 اموات زیادہ تھی ۔اتوار کی صبح تک بلغاریہ ، کوسٹا ریکا ، فارو جزائر ،فرانسیسی گیانا، مالدیپ ، مالٹا ، مارٹینک اور جمہوریہ مالدووا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پہلی بار کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد چین سے باہر کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی تعداد بڑھ کر 101 ہو گئی ہے ۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں