پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے،وزیراعظم

وزیراعظم کا مصر کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ
پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے ،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں ،مصر کے صدر کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، عمران خان کی مصر ی کمانڈر انچیف و وزیر دفاعی پیداوار سے ملاقات میں گفتگو
ملاقات میں دوطرفہ علاقائی و بین الاقوامی معاملات سمیت دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، مصری کمانڈ ر نے عمران خان کو صدر السیسی کا نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا، وزیراعظم آفس کا اعلامیہ
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مصر کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے ،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں ،مصر کے صدر کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔بدھ کو وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے مصر کے کمانڈر انچیف و وزیر دفاعی پیداوار جنرل محمد احمد زکی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ علاقائی و بین الاقوامی معاملات سے متعلق امور ،خطے کی صورتحال سمیت دیگر دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات اور 2019میں نیویارک اور مکہ میں صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی یاد دہانی کراتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق قیادتوں کے مابین مشترکہ عزم کو اجاگر کیا،پاک۔مصر تعلقات کو بلندیوں کی نئی سطح تک پہنچائیں گے۔ وزیراعظم عمران خا ن نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور 5 اگست کے بعد سمیت مسلسل لاک ڈان، رابطوں کی بندش اور خوراک و ادویات کی قلت سے متعلق تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں پر عملدرآمد تنازعہ کا واحد پرامن حل ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی انتہاپسند اور امتیازی پالیسیوں سے نہ صرف بھارت میں اقلیتوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے بلکہ اس سے خطہ میں امن و سلامتی پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مصری کمانڈر انچیف جنرل محمد احمد زکی نے وزیراعظم عمران خان کو مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کی جانب سے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔ جنرل احمد زکی نے پاک۔مصر دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون، مشترکہ فوجی مشقوں اور دونوں ملکوں کے مابین اعلی سطح پر تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مصری کمانڈر انچیف نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق مصری حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں