عمر ایوب خان سے کرغز سفیر کی ملاقات

اسلام آباد :کرغزستان کے پاکستان میں سفیر ایرک بسم حیوف نے جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر برائے پاور و پٹرولیم عمر ایوب خان سے پاور ڈویژن میں ملاقات کی۔ کرغزستان کے سفیر نے وفاقی وزیر کو 17 اور 18 فروری 2020ءکو بشکک میں ہونے والے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے انتظامات کے بارے میں انہیںآگاہ کیا۔ معزز وفاقی وزیر مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس کے لئے کرغزستان کے دو روزہ دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔ وہ کرغزستان کے وزیر برائے صنعت و تجارت کے ساتھ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ معزز وفاقی وزیر اپنے کرغز ہم منصب اور کرغز وزیر برائے ٹرانسپورٹ، تجارت اور صنعت سے الگ الگ اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ پاک کرغزستان مشترکہ وزارتی کمیشن ایک اہم فورم ہے جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کرنا اور دوطرفہ تجارت، آمدورفت، مواصلات اور توانائی سے متعلق فائدہ مند نتائج تک پہنچنا مقصد ہے۔ وفاقی وزیر اور سفیر دونوں نے جے ایم سی کے ایجنڈے اور ممکنہ تعاون کے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سفیر نے خواہش ظاہر کی کہ وفاقی وزیر کا دورہ کامیاب ہوگا اور اس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرغزستان پاک چین اقتصادی راہ داری کا خیرمقدم کرتا ہے کیونکہ یہ خطے میں مقیم کرغزستان کے لئے ایک اہم تجارتی رابطہ ثابت ہوسکتا ہے۔ وفاقی وزیر اور سفیر نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات دوستانہ اور باہمی بھائی چارہ پر مشتمل ہے اور مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں