وزیرخارجہ کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات

اسلام آباد: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ بات انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری میں کی جانے والی تبدیلی خوش آئند ہے اس سے ہمارے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ بات چیت کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں