ٹڈی دل کی روک تھام کے سلسلے میں اہم اجلاس

کوئٹہ :چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر)فضیل اصغر کی صدرات میں صوبے میں ٹڈی دل کے روک تھام کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ٹڈی دل کے تدارک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ممبر سینئر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود،سیکرٹری خزانہ نورالحق بلوچ سمیت سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے ٹڈی دل کے حملوں کے پیش نظر اور اس کے تدارک کے حوالے سے نیشنل ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔جبکہ صوبائی حکومت ٹڈی دل کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے گی اور مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری کو صوبے کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خطرے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے فنڈز کا اجرا کر دیا ہے جس سے فوری طور پر مشینری اوردیگر ضروری آلات خریدے جائیں گے تاکہ فصلوں کو ٹڈی دل کے حملے کی صورت میں بچایا جاسکے۔چیف سیکرٹری نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کریں۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں