کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید سرد رہے گا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید سرد رہے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے سردی کی شدت کم ہوگی۔

وفاقی دارالحکومت میں آج صبح سردی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور درجہ حرارت9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو زیادہ سے زیادہ 17 تک جانے کا امکان ہے۔

صوبہ پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور نارووال میں صبح کے وقت دھند پڑ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہےگا جبکہ کوئٹہ، قلات اور زیارت میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی آج موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔ چترال، دیر اور مالم جبہ میں مطلع ابرآلود رہے گا۔

گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک اور شدید رہنے کا امکان ہے تاہم آنے والوں چند دنوں میں درجہ حرارت میں اضافے سے سردی کی شدت کم ہونے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم مری میں 03ملی میٹر بارش اور01انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔

سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

استور منفی 12، گوپس، کالام منفی 11، پاراچنار منفی 09، ہنزہ، بگروٹ منفی07، قلات، راولاکوٹ، ما لم جبہ، دیر منفی 04، کوئٹہ اور مری میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں